ضلع ایبٹ آباد میں حویلیاں انٹرچینج کے قریب موٹروے پر مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔حادثے کے بعد زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یہ حادثہ حویلیاں انٹرچینج سے تقریبا ایک کلومیٹر دور پیش آیا۔ بس کا ٹائر پھٹ جانے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر سے اپنا کنٹرول کھو بیٹھا اور بس ڈمپر سے جا ٹکرائی۔ضلع ایبٹ آباد کے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ترجمان کے مطابق حادثے کے نتیجے میں اب تک 8جاں بحق افراد کی لاشیں اور 35 زخمیوں کو ہسپتال کی ایمرجنسی میں منتقل کیا گیا ، زخمیوں میں 5 بچے، 6 خواتین اور 19 مرد شامل ہیں، جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد مرد ہیں، زخمیوں میں 3 افراد پہلے ہی جاں بحق تھے جبکہ 2 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے.ہسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 8 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں فوری طور پر ایمرجنسی آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا، جہاں ان کے آپریشن جاری ہیں۔ایمرجنسی میں دیگر زخمیوں کا بھی تفصیلی طبی معائنہ اور علاج معالجہ کیا جا رہا ہے، جبکہ شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔ایوب ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو بروقت اور مثر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری طبی وسائل اور عملے کو متحرک کردیا گیا ہے۔ہسپتال انتظامیہ نے آن ڈیوٹی ڈاکٹروں، نرسز اور دیگر طبی عملے کے ہمراہ ایمرجنسی میں علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔اے ٹی ایچ میں زیرِ علاج زخمیوں میں زین ولد نصر اللہ (گلگت)، معاذ ولد رحیم اللہ، جان عالم ولد عالم میر (گلگت)، شرافت ولد شمس الرحمان، عمر فاروق ولد شاہ حسین، گوہر ولد شعین، باسط ولد محمد حسین (کراچی)، سجاع عالم ولد سلام میر (گلگت)، تصور حسین ولد علی اصغر (گوجر خان)، ثنا اللہ ملک ولد محمد ایوب (میانوالی)، جان محمد ولد عبدالصبور (گلگت)، نوید ولد اشرف (گلگت)، فدا حسین ولد علی مدد (گلگت)، رشید عالم، اکبر ولد شکور، ذوالقرنین ولد حیدر، کامران ولد فرمان اللہ، نذر، شاہزیب ولد میر ایاز، فاطمہ بی بی، ایمان، فاخرہ جان، شہزادی، حمیرہ کرن، تنسیم، جنت، شفا، ابوبکر، محمد عباس اور اقتدار شامل ہیں۔







