الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا طریقہ کار اور تیاریوں کا عمل تا حکمِ ثانی روکنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 140-A کی معطلی سے متعلق جاری کردہ نیا حکم نامہ سامنے آنے کے بعد صوبے میں انتخابات کا انعقاد فی الحال ناممکن ہو گیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں منعقدہ الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر 2026 کو جاری کردہ ‘آرڈر نمبر 3’ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران آرڈر کی شق نمبر 2 پر غور کیا گیا، جس کے تحت آئین کے آرٹیکل 140-A (جو صوبوں میں مقامی حکومتوں کی تشکیل سے متعلق ہے) کی معطلی کا دائرہ کار مخصوص اضلاع سے بڑھا کر صوبے کے تمام اضلاع پر لاگو کر دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اس سے قبل خیبرپختونخوا کے ان اضلاع کو چھوڑ کر جہاں گورنر راج یا ایمرجنسی کے تحت آرٹیکل 140-A معطل تھا، باقی تمام اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں ضروری عملی اقدامات بھی شروع کیے جا چکے تھے۔ تاہم نیا آرڈر نافذ ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے تمام تر تیاریاں اور انتخاب کا عمل معطل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔



