محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے میڈیکل ایمرجنسی ریزیلینس فاؤنڈیشن (MERF) اور عالمی ادارے (Gavi) کے تعاون سے سروائیکل کینسر (رحم کے منہ کا کینسر) سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے میڈیا آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ یہ اہم مہم 11 سے 24 نومبر 2026 تک صوبے بھر میں چلائی جائے گی۔اس مہم کے تحت خیبرپختونخوا میں 9 سے 14 سال کی عمر کی تقریباً 29 لاکھ بچیوں کو ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔ مہم میں اسکولوں اور مدارس کے علاوہ اسکول سے باہر بچیوں کو بھی شامل کیا جائے گا، جبکہ صرف ضلع پشاور میں 3 لاکھ 74 ہزار بچیوں کو مفت ویکسینیشن کا ریلیف فراہم کرنے کا پلان بنایا گیا ہے۔ ای پی آئی کوآرڈینیٹر پشاور ڈاکٹر محمد عارف اور تکنیکی ماہرین نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں خواتین کو متاثر کرنے والے کینسرز میں یہ بیماری تیسرے نمبر پر ہے جس کے سالانہ 5 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آتے ہیں۔محکمہ صحت اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے صحافیوں، علمائے کرام، اساتذہ اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ عوام میں آگاہی پھیلانے اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ صوبے کی نوبلوغ بچیوں کو اس مہلک وائرس اور کینسر سے محفوظ بنایا جا سکے۔







