(احتشام کیانی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیالکوٹ میں تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے دو افراد کی ہلاکت اور 17 کے زخمی ہونے کے مقدمے میں نامزد ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ مسٹر پتلو کو 10 نومبر تک گرفتار نہ کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں مقررہ تاریخ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
مسٹر پتلو اپنے وکیل قاسم عباسی کے ہمراہ وہیل چیئر پر عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
دوسری جانب پولیس نے اس مقدمے میں نامزد 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ واقعے سے متعلق تقریب کا اجازت نامہ بھی سامنے آگیا ہے، جس میں انعامات کی قرعہ اندازی کا کوئی ذکر موجود نہیں۔
ادھر مسٹر پتلو کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے پیش آنے والے واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے اپنی بے گناہی کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مسٹر پتلو کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر اور ڈیرے پر چھاپے مارے گئے تھے، تاہم وہ گرفتار نہیں ہوسکے۔
اطلاعات کے مطابق تقریب میں لوگوں کے داخلے کے لیے صرف ایک گیٹ استعمال کیا گیا تھا، جس کے باعث بھگدڑ مچی۔ اس افسوسناک واقعے میں دو افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔







