ضلع مہمند کی پولیس لائن غلنئی میں پولیو انسدادِ مہم کے دوران دہشت گردانہ حملے میں جان بحق ہونے والے پولیس کانسٹیبل ظہور خان اور کانسٹیبل عربی خان کی نمازِ جنازہ مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے شہدا کے جسدِ خاکی کو احترام کے ساتھ سلامی پیش کی۔
نمازِ جنازہ میں سول اور عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مہمند رضا محمد، 114 بریگیڈیئر افتخار محبوب، کمانڈنٹ مہمند رائفلز کرنل عمران خالد، ڈپٹی کمشنر مہمند کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ، اے ڈی سی افتخار الدین، اے ڈی سی فنانس شکیل، اسسٹنٹ کمشنر اپر مہمند سکندر افضل، اور اے اے سی آر شفیق خان شامل تھے۔ اس کے علاوہ شہدا کے لواحقین اور پولیس افسران و اہلکاروں نے بھی مراسمِ جنازہ میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران ڈی پی او مہمند، بریگیڈیئر افتخار محبوب، کمانڈنٹ مہمند رائفلز اور ڈپٹی کمشنر نے شہدا کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کی عظیم خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اجتماعی دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا جس میں شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و جمیل کی التجا کی گئی۔ مہمند پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اپنے بہادر شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔







