(ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ایک دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک مور باتھ روم میں لگے آئینے میں اپنا عکس دیکھ کر اس کی طرف متوجہ ہوگیا اور بظاہر خود ہی کی محبت میں گرفتار ہوگیا۔
یہ واقعہ آسٹریلوی شہر برسبین کے ایک گھر میں پیش آیا، جہاں رہائش پذیر جوڑے نے اپنے باتھ روم میں ایک مور کو آئینے کے سامنے کھڑے دیکھا۔
تفصیلات کے مطابق جیف اور ڈیلون بالینٹائن کچھ روز قبل شام کے وقت کافی پینے کے لیے گھر سے باہر گئے تھے۔ جب وہ واپس لوٹے تو باتھ روم میں ایک مور آئینے کے سامنے کھڑا اپنا عکس دیکھ رہا تھا۔
ڈیلون بالینٹائن نے سب سے پہلے مور کو دیکھا تو حیرت کے باعث چیخنے لگیں۔ ان کے شوہر جیف بالینٹائن کے مطابق ابتدا میں انہیں لگا کہ شاید گھر میں کوئی حملہ آور داخل ہوگیا ہے، تاہم اہلیہ نے بتایا کہ اندر ایک مور موجود ہے۔
جیف کا کہنا تھا کہ اہلیہ کی بات سن کر انہیں یقین کرنا مشکل لگا کیونکہ یہ صورتحال غیر معمولی اور ناقابل یقین تھی۔
جوڑے نے مور کو آئینے کے سامنے سے ہٹانے کی متعدد کوششیں کیں اور اسے کھانے پینے کی اشیا بھی پیش کیں، لیکن کامیابی نہ ملنے پر وائلڈ لائف ادارے کے عملے کو مدد کے لیے بلایا گیا۔
ادارے کے اہلکاروں نے مور کے اوپر تولیہ ڈال کر اسے قابو کیا اور قریبی جھاڑیوں میں چھوڑ دیا۔
تاہم اس واقعے کے بعد بھی مور کی آئینے سے دلچسپی برقرار رہی اور وہ ہر دوپہر جیف بالینٹائن کے پڑوس میں رہنے والی سوزی ٹافولو کے گھر پہنچنے لگا۔
سوزی ٹافولو کا خیال تھا کہ یہ مور مقامی ٹیٹو آرٹسٹ ایلیٹ روس کا پالتو ہے، جو کچھ عرصے سے اپنے گمشدہ مور کی تلاش میں تھا۔
بعد ازاں ایلیٹ روس نے بھی تصدیق کردی کہ یہ پرندہ انہی کا ہے۔ اس کے بعد سوزی ٹافولو نے مور کے لیے اپنے گھر کے احاطے میں ایک قدِ آدم آئینہ نصب کردیا تاکہ وہ وہاں آکر اپنا عکس دیکھ سکے۔
اب مور باقاعدگی سے وہاں اپنا عکس دیکھنے آتا ہے، جبکہ سوزی ٹافولو کو امید ہے کہ جلد ہی اس کی اپنے مالک ایلیٹ روس سے دوبارہ ملاقات ہوجائے گی۔
دوسری جانب شہری حیاتی ماحولیات کے ماہر پروفیسر ڈیرل جونز کا کہنا ہے کہ ممکن ہے مور تنہائی کا شکار ہو، تاہم اس کا یہ مطلب ضروری نہیں کہ وہ کسی ساتھی یا محبت کی تلاش میں ہے۔







