کراچی کے علاقے گلستان جوہر موڑ پر گزشتہ صبح رکشے کی ٹکر سے گاڑی کو نقصان پہنچنے کے بعد کار سوار خاتون نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔ وائرل ویڈیو میں خاتون کو طیش میں آ کر رکشے سمیت دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچاتے اور ٹریفک کی روانی متاثر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعے کے وقت جوہر موڑ پر شہریوں کا ہجوم اکٹھا ہو گیا، جس سے راشد منہاس روڈ کی جانب جانے والے راستے پر گاڑیاں پھنس گئیں۔ اس دوران خاتون رکشے میں بیٹھ کر اپنی گاڑی کی چابیاں مانگتی رہیں۔ جب ایک شہری نے کار نکالنے کی کوشش کی تو خاتون بونٹ پر سوار ہو گئیں، جس پر شہری نے انہیں نیچے دھکیل دیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کو شاہراہِ فیصل تھانے منتقل کر دیا۔ بعد ازاں خاتون کے اہل خانہ نے تھانے پہنچ کر واقعے پر معافی مانگی اور متاثرہ شہریوں کے نقصان کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔







