خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات اور ایڈوائزری کونسل کی رکن ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کسی بھی شخص کے خلاف کارروائی شواہد اور قانونی تقاضوں کی بنیاد پر ہوگی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے گرفتار ہونیوالے دیگر رہنمائوں کے نام بھی سامنے آئیں گے۔پشاور میں زلمی مدرسہ لیگ کے ساتویں سیزن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات ثمر بلور نے صوبے کی سیاسی صورت حال، وفاق سے فنڈز کی فراہمی، دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع سمیت مختلف امور پر اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سہیل آفریدی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں، تاہم تمام کارروائیاں قانون کے دائرے میں رہ کر کی جائیں گی اور کسی کو بھی شواہد کے بغیر سزا نہیں دی جائے گی۔مشیر اطلاعات نے وفاق اور صوبے کے مالی معاملات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات ہوگی جس میں خیبرپختونخوا کو درپیش مالی مسائل اور فنڈز کی فراہمی کے معاملات زیر بحث آئیں گے، وفاق کی جانب سے دیے جانے والے فنڈز جلد از جلد ملنے کی توقع ہے تاکہ صوبے میں ترقیاتی اور دیگر ضروری اقدامات کو آگے بڑھایا جاسکے۔انہوں نے 12 اضلاع کے حوالے سے بھی 100 دن کے اندر اقدامات کیے جانے کی بات کی۔صوبائی دارالحکومت پشاور میں تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن کے حوالے سے ثمر بلور نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی سفارش یا دبا قبول نہیں کیا جائے گا، کسی شخص کو خوش کرنے یا کسی سے سیاسی و ذاتی انتقام لینے کے لیے عمارتیں مسمار نہیں کی جارہیں بلکہ آپریشن کا بنیادی مقصد سرکاری زمین واگزار کرانا، شہریوں کے لیے سڑکیں کھولنا اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانا ہے







