وفاقی حکومت نے پمز (پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) کے اصلاحاتی عمل کی پیشرفت کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے تحت اس کی کڑی نگرانی کیلئے ایک مانیٹرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
وزارتِ صحت کی جانب سے تیار کردہ پمز ایکشن میٹرکس پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے یہ تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق، وزارتِ صحت کے جوائنٹ سیکریٹری انور الحق کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ جے ایم سی آر سی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جاسم انور اور سیکشن افسر عالم زیب بطور رکن اس کمیٹی میں شامل ہیں۔
یہ کمیٹی اپنی روزانہ کی پیشرفت رپورٹ سیکریٹری وزارتِ صحت کو پیش کرنے کی پابند ہوگی۔ مانیٹرنگ کمیٹی نے تشکیل کے فوراً بعد ہی اپنی ذمہ داریاں سنبھال کر باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔







