عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے بنوں میں بم دھماکے اور شانگلہ کے علاقے الوچ، پورن میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران پیش آنے والے واقعے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے باوجود صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی کیوں نہیں آ رہی۔عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میاں افتخار حسین نے بنوں میں بم دھماکے کے نتیجے میں ملک اینار کی شہادت اور دو افراد کے زخمی ہونے، جبکہ شانگلہ کے علاقے الوچ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران پیش آنے والے واقعے میں دو افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ گورنر راج اور ایمرجنسی دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے نام پر نافذ کیے گئے تھے، لیکن ان اقدامات کے باوجود دہشت گردی ختم نہیں ہو رہی اور عوام بدستور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر ان اقدامات کا مقصد عوام کو تحفظ فراہم کرنا تھا تو پھر شہری آج بھی غیر محفوظ کیوں محسوس کر رہے ہیں اور دہشت گردی کے واقعات میں کمی کیوں نہیں آ رہی؟اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ ایک طرف دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں تو دوسری جانب تجاوزات اور شاملات کے نام پر لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جن لوگوں کی ذاتی ملکیت تجاوزات کے زمرے میں نہیں آتی، انہیں بلاوجہ تنگ کرنا کسی صورت مناسب نہیں،ایسے اقدامات عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے مزید مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ خیبر پختونخوا پہلے ہی شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہے، تجارت اور صنعت کا پہیہ سست پڑ چکا ہے، کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں جبکہ عوام روزگار کے حصول کے لیے پریشان ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر خیبر پختونخوا کو کس طرف دھکیلا جا رہا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو امن، تحفظ، روزگار اور بہتر معاشی حالات کی ضرورت ہے، اس لیے حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلوں سے گریز کرنا چاہیے جن سے پہلے سے مشکلات کا شکار عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو۔میاں افتخار حسین نے دونوں واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی نصیب کرے۔







