کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، ڈی جی سپورٹس

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا واصل خان نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں انٹر ریجنل میل اینڈ فیمیل گیمز رواں برس نومبر میں منعقد ہوں گے، جبکہ صوبائی سپورٹس ایسوسی ایشنز کی گزشتہ کئی سالوں سے بند سالانہ گرانٹ کو بھی جلد بحال کر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس کی قیادت ایشین سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اور پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک کر رہے تھے۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے صدر عاصم شیراز، سینئر نائب صدر عمران یوسفزئی، جنرل سیکرٹری شاہد آفریدی اور دیگر سینئر صحافی شامل تھے، جبکہ محکمہ کھیل کے ڈائریکٹر سلیم رضا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشفاق احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ڈی جی سپورٹس واصل خان نے سپورٹس کیلنڈر کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نومبر میں انڈر 21 اور انٹر ریجنل گیمز کے علاوہ انٹر مدارس، سپیشل پرسنز، اقلیتی اور ٹرانسجینڈر گیمز کا انعقاد کیا جائے گا۔ جبکہ دسمبر میں تعلیمی اداروں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے انٹر کالجز اور انٹر سکولز مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے حوالے سے صوبائی محکمہ کھیل کی تیاریاں مکمل ہیں، تاہم پاکستان سپورٹس بورڈ یا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے مقابلوں کی منتقلی کا باضابطہ مراسلہ تاحال موصول نہیں ہوا۔

اس موقع پر امجد عزیز ملک اور وفد کے دیگر ارکان نے سپورٹس جرنلسٹس اور محکمہ کھیل کے درمیان قریبی روابط کے فروغ اور صوبائی ٹیلنٹ کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed