افغانستان میں طالبان انتظامیہ نے آنکھوں کے قرنیہ کی پیوند کاری (Corneal Transplant) کے پروگرام کو مبینہ طور پر غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر روک دیا ہے۔ برطانوی اخبار ‘دی ٹیلی گراف’ کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کے باعث سو سے زائد مریض بینائی کی بحالی اور علاج کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں۔
یہ طبی پروگرام ‘ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ’ (APPNA) کے تعاون سے شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت مقامی ڈاکٹروں کو تربیت دی گئی اور ابتدائی طور پر تقریباً 150 افراد کی بینائی بحال کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کابل کے نور آئی ہسپتال (Noor Eye Hospital) میں تقریباً 90 کامیاب آپریشنز سر انجام دیے جانے کے بعد طالبان حکام کی جانب سے اچانک اس پروسیس کو روک کر سرجریز معطل کر دی گئیں۔
طالبان انتظامیہ کے اس فیصلے کے بعد آنکھوں کے موذی امراض میں مبتلا اور بینائی سے محروم مریضوں کی بحالی کا عمل شدید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔







