پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما سینیٹر مشعال یوسفزائی نے پارٹی کے اندرونی واٹس ایپ گروپس چھوڑ دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پچھلے کچھ دنوں سے وہ پارٹی قیادت کی حکمت عملی پر مسلسل تنقید کر رہی تھیں، جس کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔
ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مشعال یوسفزائی نے تصدیق کی کہ انہوں نے پارٹی گروپس سے علیحدگی کا فیصلہ خود کیا ہے۔ انہوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کی ناکامی پر تاحال کوئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل نہیں دی گئی، جبکہ بانی چیئرمین، ان کی بہنیں اور بشریٰ بی بی جیل میں قید ہیں اور ان کی رہائی کے لیے کوئی واضح لائحہ عمل مرتب نہیں کیا جا رہا۔ سینیٹر مشعال یوسفزائی نے زور دیا کہ بانی چیئرمین سے ملاقاتوں میں رکاوٹیں حائل ہیں، لہٰذا پارٹی قیادت کو بلا تاخیر مؤثر حکمت عملی وضع کرنی چاہیے۔







