پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں اور پاک افغان سرحدی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہیں صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور خطے کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔دورے کے دوران افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھی جائیں گی اور دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے، ان پر بھرپور ضرب لگائی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل طور پر شکست دے گا۔چیئرمین ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان کے عوام، شہدا اور سیکیورٹی فورسز کے غازیوں کی عظیم قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں جنہیں قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے اور مسلسل چوکس رہنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔







