پشاور میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کے بعد مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) کا دورہ کیا اور جاں بحق بچوں کے لواحقین سے ملاقات کرکے ان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ثمر ہارون بلور نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا اس المناک سانحے میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق بچوں کے والدین اور اہل خانہ کے دکھ کو محسوس کیا جا سکتا ہے اور حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
مشیر اطلاعات نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ اور پولیس اہلکار موقع پر موجود ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق بچوں کی میتیں والدین کی خواہش اور سہولت کے مطابق مرحلہ وار حوالے کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے ایسا طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے جس سے متاثرہ خاندانوں کو کم سے کم تکلیف پہنچے۔ ثمر ہارون بلور نے زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جاں بحق اور زخمی افراد کی تعداد یا صورتحال میں کسی بھی تبدیلی سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جاتا رہے گا۔ ساتھ ہی شہریوں سے اپیل کی کہ ایمبولینسز اور مریضوں کے لیے راستے کھلے رکھے جائیں اور ہسپتالوں میں غیر ضروری ہجوم سے گریز کیا جائے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ واقعے کے ذمہ دار عناصر کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد اور معاونت یقینی بنائے گی۔







