انصاف لائرز فورم خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر، ممبر خیبر پختونخوا بار کونسل، علی زمان خان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان اور صوبائی کابینہ انصاف لائیرز فورم خیبرپختونخوا نے پشاور میں ایک نجی سکول کی چھت گرنے کے دلخراش واقعہ میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کے جاں بحق ہونے اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 29 ہو گئی ہے، جن میں 6 طالبات اور 2 اساتذہ بھی شامل ہیں، جو کہ انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ہم اس غم اور دکھ کی گھڑی میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ اللہ تعالی شہدا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے۔علی زمان خان ایڈووکیٹ نے اس واقعہ کو محکمہ تعلیم پشاور، ضلعی انتظامیہ اور پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی (PSRA) کی مجرمانہ غفلت اور ناکامی قرار دیا ہے۔ نجی سکولوں کی بلڈنگ فٹنس، سیفٹی معیار اور ریگولر انسپکشن کے بغیر این او سی دینا ان اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انصاف لائرز فورم خیبر پختونخوا مطالبہ کرتا ہے کہ اس واقعہ کی فوری طور پر جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔غفلت کے مرتکب سکول مالکان، محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ اور PSRA کے ذمہ دار افسران کے خلاف فوری مقدمہ درج کیا جائے۔جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کو فوری معاوضہ اور انصاف فراہم کیا جائے۔اگر ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو انصاف لائرز فورم ہر فورم پر اس کیس کو اٹھائے گا اور متاثرہ والدین کو مفت قانونی معاونت فراہم کرے گا







