دیر کالونی میں نجی سکول کی چھت منہدم ہونے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے بچوں میں سے 16کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔نمازِ جنازہ کے موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور فضا سوگوار رہی۔جاں بحق ہونے والے 16بچوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ سائنس سپیریئر کالج کے قریب واقع فٹ بال گرائونڈ میں ادا کی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، ایڈوائزری کونسل کے اراکین اور ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے دوران جاں بحق بچوں کے لواحقین غم سے نڈھال دکھائی دیے، جبکہ بڑی تعداد میں شریک شہریوں نے بھی اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اجتماعی نمازِ جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس کے ساتھ پاک فوج کے دستے بھی سکیورٹی فرائض انجام دینے کے لیے تعینات کیے گئے۔نمازِ جنازہ میں شریک افراد نے سکول کی چھت منہدم ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سانحے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور غفلت یا کوتاہی کے ذمہ دار پائے جانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔







