پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چین میں تعائینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کے امتحانات میں غیر معمولی اور ممتاز تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی گئی اور ان کی محنت کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
جمعرات کو جاری کی گئی ایک خبر کے مطابق حریم نعیم نے آئی جی سی ایس ای کے مضمون ‘انگریزی بطور دوسری زبان’ میں عالمی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا۔ علاوہ ازیں دیگر طالبات نے بھی مختلف مضامین میں نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں جن میں ‘اردو بطور دوسری زبان’ میں ماہ نور بلال، ‘اسلامیات’ میں زینہ احمد اور ‘پاکستان اسٹڈیز’ میں رانیہ ملک شامل ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کامران نتائج پر طلبہ، ان کے والدین اور محنت کش اساتذہ انور خان، راؤ عبید الرحمٰن، نور مصطفیٰ اور نایاب ارشد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے دوران اسکول کی نو منتخب طلبہ کونسل کے ارکان، ہیڈ بوائے، ہیڈ گرل، اسپورٹس کپتانوں اور مختلف کلبوں کے عہدیداروں کو اعزازی پٹیاں پہنائی گئیں جس کے بعد تمام ارکان نے دیانت داری سے فرائض سرانجام دینے کا حلف اٹھایا۔ سفیر پاکستان ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے اپنے خطاب میں طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ قیادت کو امانت سمجھتے ہوئے انصاف اور خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں اور خوف پر قابو پا کر اپنے اہداف پر توجہ مرکوز رکھیں۔ انہوں نے پاک چین تعلقات اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں پاکستان ایمبیسی کالج کے کردار کی تعریف کی اور تقریب کے اختتام پر نمایاں طلبہ میں شیلڈز تقسیم کیں۔







