سالہ کینیڈین دادی نے پانچ گھنٹے پلینک کرکے عالمی ریکارڈ توڑ دیا 61

کینیڈا سے تعلق رکھنے والی 61 سالہ ڈونا جین وائلڈ نے مسلسل پانچ گھنٹے پلینک پوزیشن برقرار رکھ کر خواتین کا سابقہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ تاہم ان کی نئی کامیابی کی گنیز ورلڈ ریکارڈز سے باضابطہ منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 12 پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کی دادی ڈونا وائلڈ نے یہ کارنامہ 4 اکتوبر کو امریکی ریاست یوٹاہ میں منعقد ہونے والے ہنٹس مین ورلڈ سینئر گیمز کے دوران انجام دیا۔

رپورٹس کے مطابق انہوں نے دوپہر 3 بج کر 3 منٹ پر پلینک کی مشق شروع کی اور مسلسل پانچ گھنٹے تک پوزیشن برقرار رکھنے کے بعد رات 8 بج کر 3 منٹ پر اسے مکمل کیا۔ اس دوران ججز وقفے وقفے سے ان کی کارکردگی اور ورزش کے معیار کا جائزہ لیتے رہے۔

ڈونا وائلڈ اس سے قبل بھی خواتین کی پلینک ورزش کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر چکی تھیں۔ انہوں نے 21 مارچ 2024 کو 4 گھنٹے، 30 منٹ اور 11 سیکنڈ تک پلینک کرکے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ نئی کوشش کے ذریعے انہوں نے اپنے سابقہ ریکارڈ میں تقریباً 30 منٹ کا اضافہ کیا۔

اپنے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈونا وائلڈ نے بتایا کہ پلینک کے ابتدائی دو گھنٹے نسبتاً آسان تھے، لیکن آخری مرحلے میں درست پوزیشن برقرار رکھنا اور خود کو سنبھالنا خاصا مشکل ہوگیا تھا۔

ان کے مطابق آخری 30 منٹ میں انہوں نے اپنی توجہ سانس لینے، ذہنی طور پر پرسکون رہنے اور جسم کو لرزنے سے بچانے پر مرکوز رکھی تاکہ وہ مقررہ وقت تک اپنی پوزیشن برقرار رکھ سکیں۔

ڈونا وائلڈ نے بتایا کہ کئی سال قبل ان کی کلائی ٹوٹ گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے پلینک کو اپنے روزمرہ معمول میں شامل کرلیا کیونکہ وہ پلاسٹر لگے ہونے کے باوجود یہ ورزش کرسکتی تھیں۔

انہوں نے دوسروں کو مشورہ دیا کہ مسلسل مشق اور ثابت قدمی کے ذریعے مشکل اہداف بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔61 سالہ دادی کا پانچ گھنٹے پلینک کا ریکارڈ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed