ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کے اشتراک سے ورثہ ایکسپلوررز کے زیر اہتمام بین المذاہب ہم آہنگی ٹور اور پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام کے پہلے مرحلے میں صبح کے وقت مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے پشاور کے تاریخی مذہبی مقامات کا دورہ کیا، جن میں مسجد مہابت خان، گردوارہ بھائی بیبا سنگھ، سینٹ جانز کیتھیڈرل اور کالی باڑی مندر شامل تھے۔ شرکا نے ان مقامات کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے بارے میں جانا۔دورے کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز میں بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر ایک پروقار پینل ڈسکشن منعقد ہوئی۔ پینل میں مسلم کمیونٹی سے جناب شوال زاہد، ہندو کمیونٹی سے جناب سبھاش چندر، سکھ کمیونٹی سے جناب کارتک سنگھ اور مسیحی کمیونٹی سے جناب الیگزینڈر محبوب نے بطور پینلسٹ شرکت کی۔ پینل ڈسکشن کی نظامت ورثہ ایکسپلوررز کے بانی اور سی ای او جناب فواد احمد نے کی۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے شرکا نے بھی بحث میں بھرپور حصہ لیا اور باہمی احترام، رواداری اور پرامن بقائے باہمی پر مفید اور مثبت گفتگو ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا جناب زبیر خٹک تھے جبکہ مہمان اعزازی ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر پشاور جناب عثمان خان تھے۔ دونوں معزز مہمانوں نے شرکا سے خطاب کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اس طرح کے اقدامات کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر شرکا، پینلسٹ اور منتظمین میں اسناد اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔یہ پروگرام ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ورثہ ایکسپلوررز کے تعاون سے منعقد کیا گیا جس کا مقصد "مختلف مذاہب، مشترکہ انسانیت، مضبوط پاکستان” کے پیغام کو عام کرنا تھا۔







