لاہور: تھانہ وحدت کالونی کی حدود میں اے ٹی ایم سے چھیڑخانی کرکے شہریوں کی رقم نکلوانے والے تین رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا گیا۔
انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میٹرک فیل ہیں، جنہیں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے چونیاں سے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے ایک سال کے دوران مختلف علاقوں میں 12 سے زائد وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان اے ٹی ایم مشین سے رقم نکلوانے کے لیے مخصوص طریقہ واردات استعمال کرتے تھے۔ گینگ کا ایک رکن اے ٹی ایم میں کارڈ پھنس جانے کا ڈرامہ کرتا، جبکہ باہر موجود دو ساتھی انجان بن کر شہریوں سے ضروری معلومات حاصل کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اے ٹی ایم مشین کا لینگویج موڈ تبدیل کردیتے تھے، جس کے باعث سسٹم کو بحال ہونے میں 10 منٹ سے زائد وقت لگتا تھا۔ اس دوران رقم نکلوانے کی کوشش کرنے والے شہریوں کے کارڈ مشین میں پھنس جاتے تھے۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے ایک خاتون کو نوسربازی کے ذریعے اے ٹی ایم سے 19 ہزار روپے نکلوانے کا بھی انکشاف کیا۔ بزرگ خاتون کی درخواست پر تھانہ وحدت کالونی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے نتیجے میں مزید وارداتوں کے انکشاف کی توقع ہے۔







