آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ ایوا میری سینٹ 102 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ اسٹار ایوا میری سینٹ 102 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

اداکارہ نے منگل کو لاس اینجلس میں واقع اپنی رہائش گاہ پر اہل خانہ اور قریبی عزیزوں کی موجودگی میں آخری سانس لی۔ ان کے نمائندے جیف سینڈرسن کے مطابق ایوا میری سینٹ کا انتقال طبعی وجوہات کے باعث ہوا۔

ایوا میری سینٹ کا فنی کیریئر تقریباً سات دہائیوں پر محیط رہا، جس دوران انہوں نے فلم اور ٹیلی وژن دونوں شعبوں میں نمایاں کام کیا۔

اداکارہ نے 1954 میں فلم ’آن دی واٹر فرنٹ‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا، جس میں انہوں نے مارلن برانڈو کے ساتھ اداکاری کی۔ پہلی ہی فلم میں ان کی کارکردگی کو بے حد سراہا گیا اور انہیں بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ بھی ملا۔

1959 میں الفریڈ ہچکاک کی سسپنس تھرلر فلم ’نارتھ بائی نارتھ ویسٹ‘ ان کے کیریئر کی ایک اور اہم پیش رفت ثابت ہوئی۔ فلم میں انہوں نے کیری گرانٹ کے مقابل جاسوس کا مرکزی کردار ادا کیا۔

طویل فنی سفر کے دوران ایوا میری سینٹ نے پال نیومین اور وارن بیٹی سمیت کئی معروف اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے ٹیلی وژن پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور 1990 میں ’پیپل لائک اَس‘ کے لیے ایمی ایوارڈ حاصل کیا۔

اداکارہ عمر کے آخری حصے تک شوبز سے وابستہ رہیں اور ’سپرمین ریٹرنز‘ اور ’ونٹرز ٹیل‘ سمیت مختلف فلموں میں کام کیا۔ انہیں آخری مرتبہ 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میریئٹ اِن ایکسٹیسی‘ میں اسکرین پر دیکھا گیا تھا۔

نجی زندگی میں ایوا میری سینٹ نے ٹی وی ڈائریکٹر جیفری ہیڈن سے شادی کی تھی۔ دونوں تقریباً 65 برس تک شریک حیات رہے۔ جیفری ہیڈن 2016 میں انتقال کرگئے تھے، جبکہ اس جوڑے کے دو بچے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed