بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع دانتے واڑہ کے علاقے کراندول میں آسمان کا رنگ اچانک غیر معمولی طور پر گہرا سرخ ہو گیا، جس کے مناظر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔ یہ حیران کن منظر سمندری طوفان ’ارنب‘ کے آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے اور اندرونِ ملک پیش قدمی کے بعد دیکھنے میں آیا، جس کے زیرِ اثر علاقے میں تیز ہوائیں، بارش اور گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔
طوفان اور شدید بارشوں کے خدشے کے پیشِ نظر حکام نے 29 اکتوبر کو متاثرہ اضلاع کے تمام اسکول بند رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ ماہرینِ موسمیات کے مطابق فضا میں سرخ آئرن اور ریت کے ذرات معلق ہونے کی وجہ سے بھی ایسا منظر پیدا ہو سکتا ہے، کیونکہ خطے میں ہواؤں کی رفتار 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکڑوں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔ اگرچہ اس کی حتمی تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم دنیا بھر میں ایسے مناظر پہلے بھی دیکھے جا چکے ہیں۔







