قائد اعظم یونیورسٹی کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پاکستان سٹڈیز (نپس) کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین کو یونیورسٹی آف سوات کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکی تقرری خیبر پختونخوا یونیورسٹیز ایکٹ 2012 کے تحت چار سال کیلئے عمل میں لائی گئی ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، قائد اعظم یونیورسٹی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، آئی آر ڈی سمیت مختلف یونیورسٹیوں میں تدریسی و انتظامی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ وہ مختلف بین الاقوامی یونیورسٹیوں سے بھی منسلک رہے اور عالمی سطح پر امن و تنازعات، بلخصوص جنوبی ایشیاء و مشرق وسطیٰ میں اسلامی سماجی تحریکوں، مذہبی آزادیوں، نیو لبرل عالمگیریت اور سیاسی سماجیات سے متعلقہ موضوعات پر جانے جاتے ہیں۔







