کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانے والی خاتون مسافر کے سامان سے ایک کروڑ 18 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔
کسٹم حکام کے مطابق خاتون مسافر نجی ایئرلائن کی دبئی جانے والی پرواز پر سفر کرنے والی تھی۔ مسافر نے کرنسی سے متعلق غلط بیانی اور غلط ڈیکلیریشن کی۔
حکام نے بتایا کہ سامان کی تلاشی کے دوران مختلف ممالک کی کرنسی برآمد ہوئی، جس میں 33 ہزار 600 امریکی ڈالر، 300 یورو، 2 ہزار 570 برطانوی پاؤنڈ اور 19 ہزار 815 اماراتی درہم شامل ہیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق برآمد شدہ غیر ملکی کرنسی کی پاکستانی روپوں میں مجموعی مالیت ایک کروڑ 18 لاکھ روپے بنتی ہے۔
حکام نے بتایا کہ مبینہ غلط ڈیکلیریشن پر برآمد شدہ کرنسی کو کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت ضبط کرلیا گیا ہے۔
خاتون مسافر کے خلاف مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔







