یتیم بچوں کی بہتر نگہداشت، تعلیم و تربیت اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے قائم بیت الیتامی کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز چوک گاڑی خانہ، لاہوری گیٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا افتتاح ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر بورڈ شعیب خان نے فیتہ کاٹ کر کیا۔تقریب میں ایس ایچ او کوتوالی فضل جان، پرنسپل بلائنڈ سکول و کمیٹی ممبر محمد عارف، اسسٹنٹ کمشنر فضا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کامران، قانونی مشیر نعمان الدین ایڈوکیٹ ہائی کورٹ سمیت چائلڈ پروٹیکشن کے افسران، وکلا، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر چیئرپرسن بیت الیتامی ماریہ خان نے مہمانوں کو نئی عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا اور انہیں یتیم بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی بہتر نگہداشت، تعلیم و تربیت اور محفوظ مستقبل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ۔تقریب کے دوران یتیم بچیوں کے ہمراہ کیک بھی کاٹا گیا، جبکہ مہمانوں نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ شرکا نے بیت الیتامی کی جانب سے یتیم بچوں کی کفالت اور انہیں بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر ماریہ خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیت الیتامی یتیم بچوں کو محبت، تحفظ، تعلیم اور بہتر تربیت کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گا۔







