خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکاروں اور پولیس شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ تقریب کے دوران خیبرپختونخوا پولیس اور پی ای ایف یونیورسٹی کالج پشاور کے مابین مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن عالم شنواری اور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز عباس مجید سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
معاہدے پر خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر شیر اکبر خان جبکہ پی ای ایف یونیورسٹی کالج پشاور کی جانب سے انجینئر ہدایت اللہ خان نے دستخط کیے۔ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد پولیس اہلکاروں، پولیس شہداء کے بچوں اور ان کے خاندانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو آسان بنانا اور تعلیمی اخراجات میں خصوصی رعایت فراہم کرنا ہے۔
معاہدے کے تحت پی ای ایف یونیورسٹی کالج ہر داخلہ سیشن میں پولیس خاندانوں کے لیے مخصوص نشستیں مختص کرے گا۔ ایف ایس سی بوائز اور ایف ایس سی گرلز کے لیے ایک، ایک نشست پر 100 فیصد ٹیوشن فیس معاف کی جائے گی، جبکہ ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی اور بی ایس ڈینٹل ٹیکنالوجی میں تین، تین نشستوں پر 70 فیصد اسکالرشپ دی جائے گی۔
اسی طرح بی ایس ریڈیالوجی ٹیکنالوجی، بی ایس نرسنگ، بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن، بی ایس انگلش اور بی ایس کمپیوٹر سائنس پروگرامز میں بھی متعدد نشستوں پر 50 فیصد ٹیوشن فیس اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔ خصوصی رعایت حاصل کرنے کے لیے درخواست گزاروں کو متعلقہ دستاویزات اور پولیس سروس کارڈ جمع کرانا ہوگا۔
اس موقع پر آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود ادارے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم تک رسائی پولیس خاندانوں کے بچوں کے روشن مستقبل اور ایک مضبوط و تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ پولیس اہلکاروں اور شہداء کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں عملی معاونت فراہم کرے گا۔







