پشاور میں تھانہ آغہ میر جانی شاہ پولیس نے منشیات فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر شہر کے مختلف علاقوں میں اپنے مخصوص گاہکوں کو آئس اور نشہ آور گولیاں فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق کارروائی ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی ہدایات پر اور ڈی ایس پی یکہ توت سرکل آصف شریف کی نگرانی میں کی گئی۔ ایس ایچ او تھانہ آغہ میر جانی شاہ ریاض آفریدی اور اے ایس آئی اسرار آفریدی نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔
گرفتار ملزمان میں ریاض خان ولد عبداللہ اور کاشف ولد جمیل شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان وزیر باغ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ہزاروں روپے مالیت کی آئس اور نشہ آور ایچ ٹی سی گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ پولیس نے برآمد شدہ منشیات قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کے نیٹ ورک اور اس سے وابستہ دیگر افراد کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا سکیں۔







