نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان تعاون سمیت ترقی، امن اور استحکام کے مشترکہ مقاصد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور رواں سال کے اوائل میں ان کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقات کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات برقرار رکھنے اور امن، استحکام و ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کو سراہا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بالخصوص اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور معاشرے کی خدمت اور شہری شمولیت کی روایت کو قابل قدر قرار دیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اے کے ڈی این سے وابستہ اداروں کی مالیاتی شمولیت اور سیاحت کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے ان شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے پرتپاک جذبات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور اے کے ڈی این کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدہ دورے جاری رکھنے کی دعوت بھی دی۔







