افغان طالبان کے 8 ڈرونز پاکستان میں مار گرائے گئے

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے خیبرپختونخوا کے کوہاٹ اور طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں افغان طالبان حکومت کی جانب سے بھیجے گئے 8 ڈرونز مار گرائے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آج صبح 8 ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے، جنہیں افواج پاکستان کے فعال ائیر ڈیفنس سسٹم نے کامیابی سے نشانہ بنایا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جبکہ 4 کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔ ذرائع کے مطابق ڈرونز کے ذریعے عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جسے پاک فضائیہ اور افواج پاکستان نے ناکام بنا دیا۔

سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کی معاونت اور سرپرستی کا مزید ثبوت ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات افواج پاکستان نے کرم سیکٹر میں افغان طالبان کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں کو اشتعال انگیز فائرنگ کے جواب میں نشانہ بنا کر تباہ کیا تھا۔

وزارت اطلاعات کے مطابق اس سے قبل افغانستان سے ہونے والی فضائی کارروائیوں میں 28 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ وزارت نے کہا تھا کہ افغانستان کا مسلسل دہشت گردی کا مرکز بنے رہنا تشویش کا باعث ہے اور پاکستان کو دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے لاحق ہے۔

یہ کارروائیاں خیبرپختونخوا کے کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز پر ہونے والے بڑے دہشت گرد حملے کے بعد کی گئیں، جس میں 23 افراد شہید اور تقریباً 100 زخمی ہوئے تھے۔ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف رات بھر جاری رہنے والے کلیئرنس آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

اس سے قبل جولائی میں افغان طالبان حکومت کی جانب سے بلوچستان کی سمت بھیجے گئے چار ڈرونز کو بھی سکیورٹی فورسز نے مار گرایا تھا، جبکہ جون میں قلعہ عبداللہ اور چاغی کے اضلاع میں دو ڈرونز گرائے گئے تھے۔

2021 میں کابل میں افغان طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں دوبارہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed