پشاور میں روایتی کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے حوالے سے ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی، جس میں روایتی کھیلوں، زورخانہ، کبڈی اور سٹرانگ مین فیڈریشن کے چار رکنی وفد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
وفد کی قیادت سابق انٹرنیشنل کبڈی کھلاڑی، ریفری اور کوچ ارباب نصیر نے کی۔ ملاقات میں انٹرنیشنل میڈلز ہولڈر زورخانہ کھلاڑی ذاکر اللہ، پہلوان نعمت بلیغ الدین، ارباب سردار اور ارباب زوار بھی شریک تھے۔
اس موقع پر ارباب نصیر نے مشیر کھیل کو کبڈی اور زورخانہ کے فروغ کے لیے فیڈریشن کی کوششوں، قومی کھلاڑیوں کی نمایاں کارکردگی، ٹیم ورک اور انفرادی صلاحیتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات کے دوران ارباب نصیر نے تاج محمد خان ترند کو سٹرانگ مین فیڈریشن کی چیئرمین شپ کی پیشکش کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے روایتی کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کبڈی اور زورخانہ کے کھلاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں اور فیڈریشن کو مبارکباد بھی پیش کی۔







