ریسکیو 1122 شانگلہ کے تمام سٹیشنز فعال، جوان 24 گھنٹے چوکس ہیں، انجینئر ملک شیر دل خان۔بشام سٹیشن کا معائنہ، اہلکاروں کی حاضری، یونیفارم ڈسپلن، ایمرجنسی گاڑیوں، آلات اور ادویات کی جانچ پڑتال، زیر تعمیر عمارت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسریسکیو 1122 شانگلہ انجینئر ملک شیر دل خان کی ہدایات پر ایمرجنسی آفیسر محمد اسماعیل شاہ نے ریسکیو 1122 سٹیشن 22 بشام کا دورہ کیا جہاں انھوں نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی حاضری، یونیفارم ڈسپلن، ایمرجنسی گاڑیوں میں موجود امدادی آلات اور ادویات کا تفصیلی معائنہ کیاجبکہ سٹیشن کی زیر تعمیر عمارت کا جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ بھی حاصل کی۔دورے کے دوران ایمرجنسی آفیسر محمد اسماعیل شاہ نے ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات کی اور سٹیشن میں جاری ڈیوٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انھوں نے اہلکاروں کی حاضری، یونیفارم اور نظم و ضبط کو چیک کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ریسکیو اہلکار اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مکمل مستعدی، پابندی وقت اور احساس ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔انھوں نے ایمرجنسی گاڑیوں میں موجود مختلف امدادی آلات اور ادویات کا معائنہ کیا اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ضروری سامان کی دستیابی اور گاڑیوں کو ہر وقت تیار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ کسی بھی حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری اور مثر امدادی کارروائیاں عمل میں لائی جا سکیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر ملک شیر دل خان کی ہدایات کی روشنی میں اہلکاروں کو واضح کیا گیا کہ ریسکیو 1122 کا بنیادی مقصد عوام کو بروقت اور معیاری امدادی خدمات فراہم کرنا ہے اس لیے تمام اہلکار اپنی ڈیوٹی کے دوران مکمل چوکس رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔انجینئر ملک شیر دل خان نے کہا کہ ریسکیو 1122 شانگلہ کے تمام سٹیشن فعال ہیں اور ریسکیو کے جوان چوبیس گھنٹے عوام کی خدمت کیلئے چوکس اور الرٹ ہیں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت رسپانس اور متاثرہ افراد کو فوری امداد کی فراہمی ریسکیو 1122 کی اولین ترجیح ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور مشکل وقت میں ان کی مدد کرنا ہمارا بنیادی فرض ہے جسے ہر صورت احسن انداز میں پورا کیا جائے گا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرانجینئرملک شیردل خان نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کو عوامی خدمت اور عبادت سمجھ کر انجام دیں، یونیفارم ڈسپلن، حاضری اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کا خصوصی خیال رکھیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ انھوں نے مزید ہدایت کی کہ ایمرجنسی گاڑیوں، طبی سامان اور امدادی آلات کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں وسائل کی کمی یا آلات کی خرابی کے باعث امدادی کارروائیوں میں تاخیر نہ ہو۔انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریسکیو اہلکار ہر قسم کی ایمرجنسی، حادثات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے اپنی پیشہ ورانہ تیاری برقرار رکھیں اور کسی بھی اطلاع پر فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنا اور انسانی جانوں کا تحفظ ریسکیو اہلکاروں کی اولین ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔دورے کے دوران ایمرجنسی آفیسر نے بشام سٹیشن کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔ انھوں نے سٹیشن کی تعمیر اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ریسکیو سروسز کی مثر فراہمی کے لیے ضروری انتظامات کی اہمیت پر زور دیا۔







