اقوام متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ ختم کرانے کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ رابطے کی تصدیق کردی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر پاکستانی حکام سے رابطہ کیا ہے۔ اسٹیفن دوجارک نے جون میں امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے اسلام آباد مفاہمتی معاہدے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم کامیابی قرار دیا۔اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان سمیت دیگر علاقائی ممالک نے اس وقت مذاکراتی عمل میں کردار ادا کیا تھا۔اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز جنگ کے خاتمے کی جانب پیش رفت میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ تنازع کے حل کیلئے سفارت کاری اور بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔اقوام متحدہ اس سے قبل بھی امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کی حمایت کرچکا ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق موجودہ بحران کا پائیدار حل بامعنی مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔







