وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ محسن نقوی شاید بھول گئے ہیں کہ معیشت کو اصل نقصان پی ٹی آئی کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کی نام نہاد تجربہ کار معاشی ٹیم کی وجہ سے پہنچ رہا ہے۔ شفیع جان نے وفاقی وزیر محسن نقوی کی پریس کانفرنس پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کے جنازوں کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے استعمال کرنا قابل افسوس ہے۔وفاقی وزراء کی مسلسل پریس کانفرنسز سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے شدید خوفزدہ ہیں جب وفاقی وزیر قانون کی بات کرتے ہیں تو انہیں آئین میں دیے گئے عوام کے بنیادی حقوق بھی یاد رکھنے چاہئیں۔محسن نقوی کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی سے نمٹنے کا مستقل لائحہ عمل بنائیں گے، مگر ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ یہی لائحہ عمل ملک میں معاشی استحکام کے لیے کیوں نہیں بنایا گیا۔محسن نقوی شاید بھول گئے ہیں کہ معیشت کو اصل نقصان پی ٹی آئی کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کی نام نہاد تجربہ کار معاشی ٹیم کی وجہ سے پہنچ رہا ہے، اور اگر حکومت کو لانگ مارچ کا کوئی خوف نہیں ہے تو پھر اسلام آباد کو ابھی سے کنٹینر سٹی کیوں بنا دیا گیا ہے۔







