پشاور کے علاقے بڈھ بیر کے گاؤں شیخان میں واقع ایک قبرستان سے بچی کی میت نکال کر اس کی بے حرمتی کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق افسران بالا نے اس افسوسناک اور دلخراش واقعے کا سخت نوٹس لیا، جس پر ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر ملنگ جان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کی۔ ملزم، جس کی شناخت سلمان ولد افغان کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق افغانستان سے ہے، قبر سے بچی کی نعش نکال کر بے حرمتی کر رہا تھا کہ موقع پر موجود چوکیدار نے اسے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔







