صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ججز اور عدالتی عملے کی سیکیورٹی کے حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔اس سلسلے میں پشاور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور بنچوں کے ایڈیشنل رجسٹرارز کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے، جس میں ججز اور عدالتی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او)کے تعاون سے ججز کی نقل و حرکت کی کڑی نگرانی کی جائے اور ان کی سیکیورٹی کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ ججز، ڈسٹرکٹ ججز اور عدالتی عملے کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ججز کی گاڑیوں پر گرین نمبر پلیٹ استعمال نہ کی جائے تاکہ ان کی شناخت ظاہر نہ ہو۔ اس کے علاوہ دفتری اوقات اور ججز و عملے کے آنے اور جانے کے اوقات کو مختلف رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے یہ اقدامات صوبے میں موجودہ امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں ججز اور عدالتی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں







