لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو بھی 30 روز کے لیے نظربند کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو نظربندی کے احکامات کے بعد کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔ لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے دونوں کی نظربندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
حکام کے مطابق دونوں خواتین کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس کی دفعہ 3 کے تحت نظربند کیا گیا، جبکہ یہ کارروائی پولیس کی سفارش پر کی گئی۔
یہ پیش رفت عمران خان کی ایک اور بہن علیمہ خان کی نظربندی کے ایک روز بعد سامنے آئی۔ علیمہ خان کو بھی 30 روز کے لیے نظربند کرکے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔
نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظربندی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو احتجاج اور اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔







