ہنگو میں خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 6 اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری، شہداء کے اہل خانہ اور سینیئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی
۔
شہداء میں کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر، سپاہی شکیل احمد، سپاہی حمزہ، سپاہی محمد عثمان عزیز اور نان کمبیٹنٹ غلام سجاد شامل ہیں۔ نماز جنازہ کے بعد شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
یہ تقریب نہ صرف شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع تھی بلکہ اس بات کا اعادہ بھی کیا گیا کہ پاک فوج دہشتگردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔







