پشاور میں سٹی ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 97 ڈرائیوروں کو اس وقت پکڑا جب وہ گاڑیوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھا رہے تھے۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کی ہدایت پر ایجوکیشن ٹیم نے شہر کے مختلف سیکٹرز میں کارروائیاں کیں اور طلباء کو چھتوں پر بٹھانے والے ڈرائیوروں پر جرمانے عائد کیے۔
ایجوکیشن ٹیم نے طلباء کو آگاہ کیا کہ گاڑیوں کی چھتوں پر سفر کرنا نہ صرف خطرناک ہے بلکہ کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے واضح کیا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ چھتوں پر بیٹھنے سے گریز کریں، جبکہ ایسے ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت دی کہ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوامی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔ سٹی ٹریفک پولیس نے کہا کہ شہریوں اور طلباء کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔







