کوہاٹ پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے دھماکے پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ سے رپورٹ طلب کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پرانے پولیس لائنز کے قریب بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی گئی، تاہم دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دھماکے میں اب تک تقریباً 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کے بعد مسلح دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے۔ آئی جی پی نے زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف آہنی دیوار بن کر کھڑی ہے اور بزدلانہ حملے پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشتگردوں سمیت ان کے سہولت کاروں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔







