آئی فون 18 پرو کی فروخت، دنیا بھر میں لمبی قطاریں

آئی فون 18 پرو سیریز کی فروخت شروع ہوتے ہی دنیا کے مختلف شہروں میں ایپل اسٹورز کے باہر صارفین کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

سنگاپور سے لندن تک مختلف ممالک میں سیکڑوں افراد نئے آئی فون کو خریدنے کے لیے ایپل اسٹورز کے باہر موجود رہے۔ آئی فون 18 پرو سیریز کو 9 ستمبر کو متعارف کرایا گیا تھا، جس کے بعد 18 ستمبر کو بیشتر ممالک میں مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے اس کی فروخت شروع ہوئی۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے صارفین کو نئے فون خریدنے کا سب سے پہلے موقع ملا، جہاں ایپل اسٹورز کے باہر خاصا رش دیکھنے میں آیا۔ اس کے بعد دنیا کے دیگر شہروں میں بھی صارفین کی بڑی تعداد نئے فون کے حصول کے لیے اسٹورز کے باہر جمع ہوئی۔

ایپل نے اس بار آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ ایپل واچ 12 سیریز اور ایپل واچ الٹرا بھی متعارف کرائے ہیں۔ تاہم آئی فون 18 کے اسٹینڈرڈ ماڈل اور آئی فون ایئر 2 کو پیش نہیں کیا گیا، جنہیں 2027 کے آغاز میں متعارف کرائے جانے کا امکان بتایا گیا ہے۔

کمپنی نے اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرایا ہے، تاہم یہ فون صارفین کو اکتوبر میں دستیاب ہوگا۔

آئی فون 18 پرو کی قیمت اور بیٹری

آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1199 ڈالر جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1299 ڈالر سے شروع ہوگی۔

کمپنی کے مطابق دونوں پرو ماڈلز کی بیٹری لائف میں نمایاں بہتری کی گئی ہے۔ آئی فون 18 پرو میکس کی بیٹری لائف 45 گھنٹے جبکہ آئی فون 18 پرو کی بیٹری لائف 36 گھنٹے بتائی گئی ہے۔

فولڈ ایبل آئی فون کی خصوصیات

فولڈ ایبل آئی فون میں ایپل کا نیا اے 20 پرو چپ سیٹ اور آئی او ایس 27 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔ اس کی بیرونی اسکرین 5.4 انچ جبکہ فون کھولنے کے بعد ڈسپلے 7.6 انچ ہوجاتا ہے۔

فون میں 12 جی بی ریم، 12 میگا پکسل فرنٹ کیمرا اور انڈر ڈسپلے کیمرا بھی موجود ہے۔ اس کا مین کیمرا 48 میگا پکسل جبکہ الٹرا وائیڈ کیمرا بھی 48 میگا پکسل کا ہے۔

فولڈ ایبل آئی فون میں 5800 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جبکہ فنگر پرنٹ سینسر فون کے سائیڈ پر موجود ہے۔

اس فولڈ ایبل آئی فون کی ابتدائی قیمت 1999 ڈالر بتائی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 5 لاکھ 54 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔ یہ فون 23 اکتوبر سے دنیا کے مختلف ممالک میں صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed