چارسدہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رفعت اللہ خان (PSP) نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور اپنے مسائل و شکایات پیش کیے۔ ڈی پی او نے تمام درخواستوں کو غور سے سنا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ شہریوں کے مسائل کا فوری اور میرٹ پر حل یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی اور پولیس سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈی پی او نے واضح کیا کہ پولیس افسران کو شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہوگا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید خان اور ریجنل پولیس آفیسر مردان قاسم علی خان کے ویژن کے مطابق یہ اقدام عوامی خدمت اور پولیس پر اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا۔ شہریوں نے ڈی پی او کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری عوامی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔







