نئی دہلی: بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما نے افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 30 گیندوں پر سنچری مکمل کرلی۔
ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس کے بعد پہلے بیٹنگ کی، جہاں بائیں ہاتھ کے اوپنر ابھیشیک شرما نے افغان بولرز کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور محض 30 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔
ابھیشیک شرما نے مجموعی طور پر 34 گیندوں پر 108 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 11 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔
30 گیندوں پر سنچری کے ساتھ ابھیشیک شرما نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے ممالک کے کھلاڑیوں میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ زمبابوے کے سکندر رضا اور نیوزی لینڈ کے فن ایلن کے پاس تھا، جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 33، 33 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی۔
تاہم تمام ممالک کو شامل کیا جائے تو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اب بھی ایسٹونیا کے ساحل چوہان کے پاس ہے۔ انہوں نے 2024 میں قبرص کے خلاف 27 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔
ترکیہ کے محمد فہد نے 2025 میں بلغاریہ کے خلاف 29 گیندوں پر سنچری بنا کر اس فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
ابھیشیک شرما کی جارحانہ اننگز کی بدولت بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 94 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جس کے نتیجے میں بھارت نے تین میچوں کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔







