جدہ ائیرپورٹ پر پی آئی اے طیارے میں آگ کا شبہ

کراچی سے جدہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز کے ایک انجن میں آگ لگنے کا شبہ ظاہر ہونے کے بعد مسافروں کو ہنگامی طریقے سے طیارے سے باہر نکالا گیا، تاہم پی آئی اے ترجمان نے طیارے میں آگ لگنے کی تردید کردی۔

ذرائع کے مطابق واقعہ جدہ ائیرپورٹ کے پارکنگ اسٹینڈ پر طیارے کی پارکنگ کے دوران پیش آیا۔ انجن نمبر دو میں آگ کی اطلاع ملنے پر پائلٹ نے ہنگامی انخلا کا عمل شروع کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ایمرجنسی اخراج کے راستوں سے سلائیڈز کے ذریعے طیارے سے باہر نکالا گیا۔ اس دوران چند مسافروں کو معمولی چوٹیں آنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، جنہیں طبی معائنے اور علاج کے لیے جدہ ائیرپورٹ کے کلینک منتقل کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی جدہ ائیرپورٹ کے فائر شعبے کے حکام فائر بریگیڈ کے ہمراہ طیارے کے قریب پہنچ گئے۔ پی آئی اے جدہ حکام نے ائیرپورٹ کے متعلقہ حکام اور سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا۔

دوسری جانب پی آئی اے ترجمان کے مطابق طیارے نے جدہ ائیرپورٹ پر معمول کے مطابق لینڈنگ کی اور جیٹی پر لگنے کے بعد گراؤنڈ اسٹاف نے ایک انجن میں آگ کا شبہ ظاہر کیا۔

ترجمان کے مطابق پائلٹ نے ایس او پیز کے تحت مسافروں کو طیارے سے باہر نکالنے کے لیے ایمرجنسی سلائیڈز کھولیں۔ کچھ مسافر جیٹی کے ذریعے جبکہ باقی ایمرجنسی سلائیڈز سے باہر آئے۔

پی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ طیارے کی تفصیلی جانچ کے بعد آگ لگنے کا شبہ بھی غلط ثابت ہوا۔

ترجمان کے مطابق واقعے کے باعث جدہ سے لاہور جانے والی پرواز 20 سے 22 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔ پرواز کے 40 مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا جبکہ باقی مسافر اپنے گھروں کو چلے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed