میٹا نے صارفین کے لیے نئی سبسکرپشن سروس ’میٹا ون‘ متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور میٹا اے آئی کی الگ الگ سبسکرپشنز کو ایک ہی جگہ یکجا کیا گیا ہے۔
میٹا کے مطابق اس سروس کے سبسکرائبرز کو کمپنی کی مختلف ایپس میں متعدد ایڈوانسڈ اے آئی فیچرز اور پروفیشنل ٹولز تک رسائی حاصل ہوگی۔
میٹا ون متعارف کرانے کا بنیادی مقصد انفرادی صارفین کے لیے دستیاب انسٹاگرام پلس، فیس بک پلس اور واٹس ایپ پلس کے 50 سے زائد فیچرز کو ایک ہی سبسکرپشن میں فراہم کرنا ہے۔
اب تک ان تینوں سروسز کے سبسکرپشن پلانز استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ بتائی گئی ہے۔
میٹا نے انفرادی صارفین کے لیے کور اور پریمیئم پلانز بھی متعارف کرائے ہیں، جن کے ذریعے اے آئی کی مدد سے تصاویر اور ویڈیوز استعمال کرنا آسان ہوگا۔
دستیاب معلومات کے مطابق مستقبل میں میٹا کے اے آئی ماڈلز سے تصاویر اور ویڈیوز مفت تیار کرنے کی سہولت محدود ہوسکتی ہے۔
کریئیٹرز کے لیے تینوں سروسز کے مشترکہ بنڈل کی ماہانہ فیس 1750 روپے سے شروع ہوگی، جبکہ صرف ایک سروس، مثلاً فیس بک پلس، استعمال کرنے کے لیے ماہانہ فیس 299 روپے مقرر کی گئی ہے۔







