پشاور پولیس نے ہوائی فائرنگ، ڈالہ کلچر اور سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کے خلاف جاری مہم کے دوران اہم کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد مبینہ طور پر بچے کی پیدائش اور دیگر خوشی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق ڈی ایس پی رحمان بابا سرکل مرتضیٰ خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ انقلاب میر اعظم خان نے پولیس نفری کے ہمراہ نواحی علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ کارروائی کے دوران مختلف تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں رحیم داد، محمد صدیق، ایوب خان، میدان نواز اور صدیق خان شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، ایک رائفل، تین پستول، متعدد میگزینز اور سینکڑوں مختلف بور کے کارتوس برآمد کیے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پشاور پولیس کے مطابق عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔







