امریکی ریاست کولوراڈو میں شدید طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے خوفناک سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے باعث عام زندگی مکمل طور پر فلج ہو کر رہ گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کولوراڈو کے علاقے پاگوسا اسپرنگس میں سان ہوان (San Juan) ندی کا تیز بہاؤ متعدد مکانات کو بہا کر لے گیا ہے۔ حکام کا ابتدائی تخمینہ ہے کہ سیلاب کے باعث 10 سے 15 گھر مکمل طور پر زمین بوس یا بہہ چکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں سے محروم اور نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں سان ہوان ندی کے تیز پانی میں گھروں کو تنکوں کی طرح بہتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خطرناک علاقوں سے تقریباً 50 افراد اور 100 سے زائد جانوروں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔







