وادی لیپہ کے معروف تجارتی مرکز کپہ گلی بازار میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں درجنوں دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں، جبکہ دو مساجد، دو مدارس اور ایک پٹرول پمپ بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے۔
اطلاعات کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے بازار کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے باعث تقریباً 60 فیصد بازار جل گیا، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ دکانداروں کو اپنی دکانوں سے قیمتی سامان نکالنے کا موقع بھی نہ مل سکا، جس کے باعث بڑی تعداد میں سامان بھی جل کر تباہ ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پاک فوج کے جوان، پولیس اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ مقامی افراد بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
آگ کی شدت کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ابتدائی طور پر آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ حکام کے مطابق آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی اور نقصان کا اصل تخمینہ بھی لگایا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2017 میں بھی وادی لیپہ بازار میں شارٹ سرکٹ کے باعث بڑے پیمانے پر آتشزدگی ہوئی تھی۔ اس واقعے میں 90 دکانیں، متعدد مکانات، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں جل کر تباہ ہوگئی تھیں۔







