وزیراعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال اور عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس لیتے ہوئے عوام کے لیے ایک بڑی ریلیف سکیم کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔ اس خصوصی پیکیج کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعایت فراہم کی جائے گی۔حکومتی اعلامیے کے مطابق موٹر سائیکل، رکشہ اور دیگر دو یا تین پہیوں والی سواریوں کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑی رکھنے والوں کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر یہ فائدہ حاصل ہوگا۔ اس سکیم کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہو جائے گا، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے نافذ العمل ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کو عالمی سطح پر پیٹرول کے نرخ بڑھنے سے عوام پر پڑنے والے معاشی دباؤ کا پورا احساس ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس خصوصی ریلیف سکیم میں شمولیت کے لیے رجسٹریشن کا عمل اتوار سے شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ رجسٹریشن کے طریقہ کار کے حوالے سے عام لوگوں کو آگاہی مہم کے ذریعے معلومات فراہم کی جائیں گی۔







