وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 6 ریجنزکے 26 اضلاع کو ہارڈ ایریا قرار دیدیا۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آبادکی جانب سے خط موصول ہوا ہے جس میں صوبے کے 6 ریجنزکے 26 اضلاع کو ہارڈ ایریا قرار دیا گیا ہے۔خط کے مطابق دہشتگردی سے متاثرہ اضلاع میں پشاور، خیبر، مردان، چارسدہ، مہمند، نوشہرہ، کوہاٹ، ہنگو،کرک،کرم، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر، سوات، بونیر، شانگلہ، باجوڑ، دیر اپر و لوئر،چترال اپر و لوئر شامل ہیں۔خط میں کہا گیا کہ دہشتگردی سے متاثرہ اضلاع میں وفاقی انتظامی وپولیس افسران کیلئے سکیورٹی رسک الائونس منظور کیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔خط کے مطابق الائونس بنیادی تنخواہ کا 250 فیصد ہوگا جو افسر کے تبادلے پر فوری بند ہوگا، الانس کی ادائیگی وفاقی حکومت کریگی جس پرانکم ٹیکس بھی لاگو ہوگا جب کہ معطلی، او ایس ڈی، جوائننگ ٹائم اور ٹریننگ کیدوران سکیورٹی رسک الائونس نہیں ملے گا، سکیورٹی رسک الائونس پنشن اور گریجویٹی کیطور پربھی شمار نہیں ہوگا۔خط میں بتایا گیا کہ ضلع صوابی اور ہزارہ ڈویژن کے افسران کو سکیورٹی رسک الائونس نہیں ملے گا۔







